اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور عالمی توانائی بحران کے پیشِ نظر ملک بھر میں ہنگامی بچت اور کفایت شعاری کی پالیسی نافذ کرتے ہوئے عوام سے پٹرول اور ڈیزل کی بچت کی اپیل کی ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ روزمرہ زندگی میں چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں لائیں، جیسے:
دفاتر یا تعلیمی اداروں کے لیے ایک ہی گاڑی میں ساتھیوں یا پڑوسیوں کے ساتھ سفر کرنا
انفرادی سفر کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ یا خاندان کے ساتھ سفر کو ترجیح دینا
صرف انتہائی ضرورت کے وقت گاڑی کا استعمال اور مختصر فاصلے کے لیے پیدل چلنے یا سائیکل کو فروغ دینا
وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ معاشی بوجھ صرف عوام پر نہیں ڈالنا چاہیے، بلکہ اشرافیہ کو بھی آگے آ کر مثال قائم کرنی ہوگی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ تمام سرکاری اداروں کو ہنگامی اقدامات کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے، اور صوبوں کے ساتھ مل کر ایک جامع حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پروٹوکول کے بغیر صدر بازار کا دورہ کیا اور عوام میں گھل مل گئے
متعلقہ ادارے اس بات کی نگرانی کر رہے ہیں کہ بچت کی پالیسی کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ احتیاطی تدابیر موجودہ غیر یقینی عالمی صورتحال کے پیشِ نظر ناگزیر ہیں تاکہ ملک کی توانائی کی ضروریات مستحکم رہیں اور سپلائی چین متاثر نہ ہو۔





