ہمارے شہداء ہمارا افتخار، کیپٹن حسنین اختر شہید کی پہلی برسی آج منائی جا رہی ہے

دفاع وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت کیپٹن حسنین اختر شہید کی پہلی برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے، پوری قوم اپنے اس عظیم ہیرو کو خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے۔

تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی وطن کی مٹی نے پکارا، ہمارے جوانوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر لبیک کہا اور کیپٹن حسنین اختر شہید بھی انہی جانبازوں میں شامل تھے۔

کیپٹن حسنین اختر شہید 20 مارچ 2025ء کو ڈیرہ اسماعیل خان میں خوارج کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے، جہلم سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ نڈر اور بے باک افسر نے چار سال تک دفاعِ وطن کا فریضہ انجام دیا۔

کیپٹن حسنین شہید کے والد نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے ایسے بہادر بیٹے ایک خاص تحفہ ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود حسنین شہید کی یادیں آج بھی دلوں میں تازہ ہیں اور ان کی قربانی پر انہیں فخر ہے۔

والد کا کہنا ہے کہ کیپٹن حسنین شہید نے ملکی دفاع جیسے عظیم مقصد کے لیے اپنی جان قربان کی جبکہ ان کے کمانڈنگ آفیسر بھی ہمیشہ ان کی بے مثال بہادری کو سراہتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: باجوڑ میں افغان طالبان کا بے گناہ شہریوں پر حملہ، 4 بھائی شہید، ایک بچہ زخمی ہوا، وزیر اطلاعات

کیپٹن حسنین اختر شہید اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے نہ صرف وطن عزیز کا دفاع کیا بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بھی بن گئے۔

Scroll to Top