ٹی ٹی پی کے خوارج بچوں کو دہشتگردی کے لیے استعمال کر رہے ہیں، گورنر فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی نے پاکستان میں دہشتگردی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور اس کے خوارج کا اصل چہرہ اب بے نقاب ہو گیا ہے کیونکہ یہ گروہ بچوں کو بھی اپنے ناپاک عزائم کے لیے استعمال کر رہا ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے بچوں کو اسلحہ تھمایا اور جن بچوں کو سکول جانا چاہیے تھا انہیں شدت پسندی میں دھکیل دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے مجبوری میں ان پر کارروائی کی اور دوست ممالک کی درخواست پر کچھ حملے روک دیے گئے،  گورنر نے کہا یہ سب کارروائیاں بھارت اور اسرائیل کے پیسے کی خاطر کی جا رہی ہیں۔

معروف دینی سکالر طاہر اشرفی نے بھی خبردار کیا کہ فتنے الخوارج نے 10 سے 12 سال کے کمسن بچوں کو خودکش حملوں اور دہشتگردی کے لیے استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹی پی کے خوارج کا اصل چہرہ بے نقاب، بچوں کے ہاتھوں میں بندوق تھما دی

طاہر اشرفی نے کہا یہ اقدام نہ صرف بچوں کے مستقبل کو تباہ کرتا ہے بلکہ پورے معاشرے کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

علامہ طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ بچوں کو اسلحہ دینا اور انہیں خودکش حملوں کے لیے بھجوانا انتہائی افسوسناک اور غیر انسانی فعل ہے۔

انہوں نے کہا فتنے الخوارج بچوں کے ہاتھوں میں اسلحہ دے کر کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں، یہ اقدام صرف معاشرتی تباہی اور معصوم ذہنوں کے زہر پھیلانے کا ذریعہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے کو فوری طور پر ختم کرنا چاہئے، کیونکہ اس سے بڑی دہشت اور وحشت کا تصور کرنا بھی مشکل ہے۔ طاہر اشرفی نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کو شدت پسندی کی فیکٹری میں دھکیلنا صرف ان کے مستقبل کو تباہ نہیں کرتا بلکہ پورے معاشرے کے لیے خطرہ ہے۔

طاہر اشرفی نے والدین، دینی علما اور حکومت سے اپیل کی کہ وہ اجتماعی طور پر ایسے عناصر کی سازشوں کو ناکام بنائیں اور بچوں کو تعلیم اور مثبت سرگرمیوں کی طرف مائل کریں۔

Scroll to Top