فیس بک سے ماہانہ 3 ہزار ڈالر کمانے کا موقع،میٹا نے نیا پروگرام متعارف کروا دیا

سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک نے دیگر ایپس کے مقبول کریئیٹرز کو اپنی جانب کھینچنے کے لیے ایک نئی اور پرکشش پیشکش متعارف کروائی ہے جس کے تحت بڑے انفلونسرز کو ماہانہ 3 ہزار ڈالر تک کی ادائیگی کی جائے گی۔

فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا کے مطابق اس پروگرام کو ’کنٹینٹ فاسٹ ٹریک‘ کا نام دیا گیا ہے اور اس کا بنیادی مقصد انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور یوٹیوب پر 10 لاکھ سے زائد فالوورز رکھنے والے کریئیٹرز کو اپنے پلیٹ فارم پر لانا ہے۔

اس اسکیم کے تحت منتخب ہونے والے کریئیٹرز کو زیادہ سے زیادہ تین ماہ تک ادائیگیاں کی جائیں گی تاہم انہیں ہر ماہ کم از کم 15 شارٹ ویڈیوز یعنی ریلز اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔

وہ کریئیٹرز جن کے فالوورز کی تعداد 10 لاکھ سے کم ہے وہ بھی اس پروگرام سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور مطلوبہ مواد شیئر کرنے کی صورت میں ماہانہ ایک ہزار ڈالر تک کما سکتے ہیں۔

فی الحال یہ سہولت صرف امریکا اور کینیڈا میں دستیاب ہے اور اس میں شمولیت کے لیے امیدواروں کو دوسرے پلیٹ فارمز پر اپنی فالونگ کا ثبوت دینا ہوگا۔

اگرچہ میٹا اسے ایک بڑی پیشکش قرار دے رہا ہے لیکن کئی ماہرین اسے کریئیٹرز کو واپس لانے کی محض ایک کوشش دیکھ رہے ہیں۔

کریئیٹر مینیجر جارڈن شوارزنبرگر کا کہنا ہے کہ یہ پیشکش شاید اتنی پرکشش ثابت نہ ہو کیونکہ بڑے نام پہلے ہی برانڈ ڈیلز اور یوٹیوب سے اس سے کہیں زیادہ آمدن حاصل کر رہے ہیں۔

ماہرین کا یہ بھی ماننا ہے کہ فی ویڈیو تقریباً 200 ڈالر کی رقم بعض اوقات پروڈکشن کے اخراجات بھی پورے نہیں کرتی جس کی وجہ سے بڑے کریئیٹرز اور ان کے ناظرین کو دوبارہ فیس بک کی طرف راغب کرنا ایک مشکل چیلنج ثابت ہو سکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پروگرام چھوٹے کریئیٹرز کے لیے تو فائدہ مند ہو سکتا ہے مگر بڑے ناموں کو متاثر کرنا میٹا کے لیے اتنا آسان نہیں ہوگا۔

Scroll to Top