وزیراعظم شہباز شریف نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کو ٹیلیفون کیا اور دونوں برادر ممالک کے عوام کے لیے دلی مبارکباد اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر صدر الہام علیوف اور وزیراعظم انور ابراہیم نے بھی پاکستانی عوام کے لیے جوابی طور پر گرمجوشی سے انہی جذبات کا اعادہ کیا۔
آذربائیجان کے صدر سے گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ایران اور خلیج کی حالیہ کشیدہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے آذربائیجان پر ہونے والے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مشکل کی اس گھڑی میں برادر ملک کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا یقین دلایا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری کشیدگی کو فوری طور پر کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ تمام تصفیہ طلب مسائل کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
دوسری جانب ملائیشین ہم منصب انور ابراہیم کے ساتھ گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی امن کے فروغ کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاک ملائیشیا دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے پختہ ارادے کا اعادہ کیا۔





