بھارت میں ایل پی جی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے جس کے باعث ملک کی ٹیکسٹائل انڈسٹری شدید متاثر ہوئی ہے اور کئی کمپنیاں بند ہونے کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق ایندھن کی اس شدید قلت کی وجہ سے ہزاروں مزدور بیروزگاری کے ڈر سے شہر چھوڑ کر اپنے آبائی علاقوں کی جانب ہجرت کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
متاثرہ مزدوروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ روز سے انہیں کھانا پکانے کے لیے گیس میسر نہیں ہے اور جن فیکٹریوں میں وہ کام کر رہے ہیں ان کے بھی جلد بند ہونے کے آثار نمایاں ہیں۔
گیس کے اس بدترین بحران کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ہماچل پردیش کی ریاستی اسمبلی کے کچن میں بھی گیس ختم ہو گئی ہے جس کے بعد وہاں کھانا پکانے کے لیے لکڑیوں کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے۔





