آصف علی زرداری اور محمد شہباز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر پوری قوم اور عالمِ اسلام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اتحاد، ایثار اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالفطر صبر، تقویٰ اور ایثار کا حقیقی صلہ ہے، جو انسان کو ایک نئی روحانی زندگی کی طرف راغب کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کا اصل پیغام خود احتسابی، اخلاقی پاکیزگی اور برداشت کو اپنانا ہے، کیونکہ یہی اوصاف ایک مضبوط قوم کی بنیاد رکھتے ہیں۔
صدر نے مزید کہا کہ عید باہمی محبت، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کا دن ہے، اور ضرورت مندوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے، اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امت مسلمہ کو اتحاد، امن اور استحکام عطا فرمائے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ رمضان المبارک کے بعد عید کی خوشیاں اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک عظیم انعام ہیں، اور دعا کی کہ اللہ ہماری عبادات کو قبول فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر ہمیں ایثار، اتحاد اور خدمت خلق کا درس دیتی ہے، اور ہمیں چاہیے کہ کمزور اور مستحق طبقات کو بھی ان خوشیوں میں شریک کریں۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ ملکی ترقی کے لیے باہمی تعاون ناگزیر ہے، جبکہ عید ہمیں بھائی چارے، انسانیت کی خدمت اور رواداری کا پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے عوام کی مالی معاونت کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا ہے تاکہ مستحق افراد تک مدد مؤثر انداز میں پہنچائی جا سکے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ عالمی غیر یقینی صورتحال میں قومی اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے، اور عالمی امن، عدل و انصاف اور برداشت کے فروغ کے لیے دعاگو ہیں۔





