عید پر پختونخوا جانے والے سیاحوں کیلئے بڑی خوشخبری، خصوصی انتظامات کا اعلان

عید پر پختونخوا جانے والے سیاحوں کیلئے بڑی خوشخبری، خصوصی انتظامات کا اعلان

عیدالفطر کے موقع پر خیبر پختونخوا جانے والے سیاحوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، جہاں صوبائی حکومت نے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں تاکہ سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

محکمہ سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر نے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی اور چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کی خصوصی ہدایات پر عید کے دوران سیاحوں کے لیے جامع پلان ترتیب دیا ہے۔

ڈی جی ٹورازم اتھارٹی محمد عثمان محسود کے مطابق حکومت عیدالفطر پر خیبر پختونخوا آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو خوش آمدید کہتی ہے، اور توقع کی جا رہی ہے کہ رواں سال سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ سیاحوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹورازم پولیس کو مختلف سیاحتی مقامات پر تعینات کیا جائے گا، جبکہ مؤثر خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق ٹورسٹ انفارمیشن اینڈ فسیلیٹیشن سینٹرز عید کے دوران مکمل طور پر فعال رہیں گے۔ سیاحوں کی رہنمائی اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے ہیلپ لائن 1422 چوبیس گھنٹے دستیاب ہوگی، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا رہائش سے متعلق مسائل کے حل کے لیے ٹورازم پولیس سے فوری رابطہ کیا جا سکے گا۔

ڈی جی ٹورازم نے مزید کہا کہ سیاح سفر سے قبل ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کر کے موسم اور راستوں کی تازہ ترین معلومات حاصل کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کے پی ٹورازم اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے عید کے دوران سیاحتی مقامات پر مکمل طور پر متحرک رہیں گے تاکہ سیاحوں کو محفوظ، سہل اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Scroll to Top