بڑھتا ہوا توانائی بحران! رانا ثنا اللہ نے عوام کو بڑا پیغام دے دیا

بڑھتا ہوا توانائی بحران! رانا ثنا اللہ نے عوام کو بڑا پیغام دے دیا

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے ملک میں ممکنہ توانائی بحران کے پیش نظر عوام سے پیٹرول اور گیس کے استعمال میں نمایاں کمی کرنے کی اپیل کر دی ہے۔

عیدالفطر کی نماز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر پوری قوم اپنے استعمال میں کم از کم 50 فیصد کمی نہ لائے تو عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کفایت شعاری وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان اس وقت اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، تاہم سیاسی اور عسکری قیادت ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا مؤقف اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ہے اور ملک کسی پر جنگ مسلط کرنا نہیں چاہتا۔ انہوں نے زور دیا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے، اور اگر اس حوالے سے یقین دہانی کرا دی جائے تو کوئی تنازع باقی نہیں رہتا۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن “غضب اللحق” کا مقصد دہشتگردوں کے ٹھکانوں کا خاتمہ اور سرحدی علاقوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے، اور اگر دوبارہ ایسے خطرات پیدا ہوئے تو ان پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔

علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر اہمیت حاصل ہے اور اس نے ایران سمیت دیگر معاملات پر واضح مؤقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب، ایران اور متحدہ عرب امارات کا اعتماد حاصل ہے اور ملک خطے میں توازن اور مفاہمت کو فروغ دے رہا ہے۔

سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقدمات عدالتوں کے فیصلوں کے تحت ہیں اور کسی بے گناہ کو سزا نہیں دی گئی۔ انہوں نے 9 مئی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی اداروں کے خلاف سازش کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام احتجاج کی کال دینے والوں کو مسترد کر رہے ہیں اور حکومت کی سیاسی رواداری کی پالیسی کو پذیرائی مل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں، تاہم کسی قسم کی “ڈیل” کی گنجائش موجود نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جلد کرانے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے اور اس حوالے سے تیاریاں مکمل ہیں۔

Scroll to Top