محکمہ موسمیات نے عیدالفطر کے موقع پر ملک بھر کے موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بعض خطوں میں بارش کی توقع بھی ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، بلوچستان، پنجاب، کشمیر اور بالائی سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش راولاکوٹ میں 25 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ مظفرآباد اور مری میں 20، 20 ملی میٹر بارش ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق سبی میں درجہ حرارت 33 جبکہ شہید بینظیر آباد اور ٹنڈو جام میں 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ عید کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم بلوچستان کے بعض علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش، حتیٰ کہ چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
اسی طرح شام اور رات کے اوقات میں بالائی سندھ اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک جبکہ مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں دوپہر کے بعد تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں بھی خشک موسم متوقع ہے۔ تاہم مری اور گلیات میں بعد دوپہر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
مزید برآں پنجاب کے جنوبی اضلاع جیسے ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر، ملتان، راجن پور اور بہاولپور میں شام اور رات کے دوران آندھی اور بارش کی توقع ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم سکھر، دادو، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، سانگھڑ اور لاڑکانہ میں کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔





