صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان شمالی پنجاب، علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی نے کہا ہے کہ پاکستان کا امن اور قومی یکجہتی ناقابلِ سمجھوتہ، اتحاد ہی ہماری اصل طاقت ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان شمالی پنجاب، علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور عوام کا امن ہر قسم کے جذباتی ردعمل سے کہیں زیادہ اہم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں ہوش مندی کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور بیرونی تنازعات کو بنیاد بنا کر اپنے گھروں، شہروں اور اداروں کو نقصان پہنچانا کسی صورت حب الوطنی نہیں۔
علامہ اشتیاق حسین نے خبردار کیا کہ ملک دشمن عناصر سوشل میڈیا اور افواہوں کے ذریعے عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن ہمیں ان کے جھانسے میں نہیں آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا مشترکہ گھر ہے اور اس کے امن، ترقی اور استحکام کے لیے قوم کا اتحاد ہی اصل طاقت ہے۔ علامہ نے مزید کہا کہ ہر شہری کو اس وطن کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ دشمن کی سازشیں ناکام رہیں اور پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن رہے۔





