امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بصورت دیگر ایرانی پاور پلانٹس کو نشانہ بنایا جائے گا۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ اگر آبنائے ہرمز مقررہ وقت میں نہ کھولی گئی تو سب سے پہلے ایران کے بڑے پاور پلانٹ کو تباہ کیا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ امریکا مرحلہ وار ایران کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنائے گا۔
دوسری جانب ایرانی فوج کے خاتم الانبیا ہیڈ کوارٹر کے ترجمان نے اس دھمکی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی حملے کی صورت میں خطے میں بڑے پیمانے پر جوابی کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آبنائے ہرمز کی بندش،ٹرمپ کی ایک بار پھر اتحادیوں سے مدد کی اپیل
ایرانی فوجی ترجمان کے مطابق اگر توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تو بھرپور اور شدید جواب دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ دشمن کی جانب سے ایندھن اور توانائی کے انفراسٹرکچر پر حملہ کیا گیا تو امریکا اور اسرائیل کے توانائی، آئی ٹی اور واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹس کو بھی ہدف بنایا جا سکتا ہے۔





