سعودی عرب نے ایرانی سفارتی عملے کو 24 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا

سعودی عرب نے کشیدگی میں اضافے کے پیشِ نظر ایران کے سفارتی اہلکاروں کو 24 گھنٹے کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے اور انہیں ناپسندیدہ شخصیات قرار دے دیا گیا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ایرانی فوجی اتاشی اور دیگر سفارتی اہلکاروں کو فوری طور پر مملکت چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی مسلسل جارحانہ کارروائیاں خطے میں کشیدگی کو بڑھا رہی ہیں جس کے باعث یہ اقدام اٹھایا گیا۔

وزارت خارجہ نے ایران کی جانب سے مملکت پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ ہمسائیگی کے اصولوں کے بھی منافی ہے۔

سعودی عرب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ قومی سلامتی کے تحفظ اور اپنی سرزمین، شہریوں اور مفادات کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کے حملے اور ایران-قطر کشیدگی: ٹرمپ نے مزید حملوں کی مخالفت کر دی

دوسری جانب خلیج تعاون کونسل سمیت عرب اور اسلامی ممالک نے سعودی مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے ایران کے اقدامات کو خطے میں عدم استحکام کا سبب قرار دیا ہے۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کی مسلسل کارروائیاں نہ صرف علاقائی امن کے لیے خطرہ ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی سنگین خلاف ورزی ہیں جس پر عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔

Scroll to Top