پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن کی اکلوتی بیٹی ماروی ملک انتقال کر گئی ہیں۔
پارٹی سیکریٹریٹ کے مطابق مرحومہ کو چند روز قبل برین ہیمرج ہوا تھا جس کے بعد انہیں کراچی کے نجی اسپتال میں داخل کیا گیا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق 35 سالہ ماروی ملک کو کلفٹن کے ایک نجی ہسپتال میں پانچ روز قبل طبیعت بگڑنے پر منتقل کیا گیا جہاں حالت تشویشناک ہونے پر انہیں وینٹی لیٹر پر بھی رکھا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں اور خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔
اہلِ خانہ کے مطابق مرحومہ کی نمازِ جنازہ پیر کے روز سہ پہر ساڑھے تین بجے ڈی ایچ اے فیز 8 کراچی میں ادا کی جائے گی جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
ماروی ملک کے انتقال پر مختلف سیاسی رہنماؤں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی شیری رحمٰن کی صاحبزادی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شیری رحمان سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
یہ بھی پڑھیں: سچ کڑوا لگنے لگا، بھارت میں شیری رحمان کا ٹوئٹر بند
پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شازیہ مری نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ ماروی ملک کے انتقال کی خبر نہایت افسوسناک ہے اور یہ ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے، انہوں نے سوگوار خاندان کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔





