پشاور: خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلر کے طور پر اضافی چارج سنبھال لیا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اسلامیہ کالج یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر ہونا ان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے اور وہ صوبائی حکومت کے اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
اپنی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا کہ ان کا سب سے بڑا چیلنج اسلامیہ کالج یونیورسٹی کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جامعہ میں کمپیوٹرائزیشن کے تحت ای گورننس کو فروغ دیا جائے گا تاکہ ادارے کے انتظامی امور میں مزید بہتری لائی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: طلباء تنظیم کا پشاور یونیورسٹی کے مرکزی گیٹ کی بندش کے خلاف احتجاج
اسلامیہ کالج یونیورسٹی کی زمین سے متعلق معاملات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زمین کو واگزار کرایا جائے گا اور اسے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ( پی پی پی) موڈ کے تحت کمرشل سرگرمیوں کے فروغ کے لیے استعمال کیا جائے گا، جس سے جامعہ کے مالی استحکام میں مدد ملے گی۔
پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے مزید کہا کہ وہ اپنے تجربے اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اسلامیہ کالج یونیورسٹی کو ایک مثالی تعلیمی ادارہ بنانے کی کوشش کریں گے اور جامعہ کے تعلیمی و انتظامی معاملات میں جدت اور شفافیت لانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔