KP Govt

خیبرپختونخوا حکومت کا 54 ارب روپے کے 46 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں مختلف شعبوں سے متعلق 46 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی، جن پر مجموعی طور پر 54 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔

یہ اجلاس ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اکرام اللہ خان کی سربراہی میں منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ہر محکمہ نے اپنے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی، اور ان منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد منظوری دی گئی۔

اجلاس میں خاص طور پر ضم شدہ اضلاع میں زرعی پیداوار کو بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ ان علاقوں میں زرعی صلاحیت بڑھانے کے منصوبے کی منظوری دی گئی، جس کے ذریعے زرعی پیداوار اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا اور غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے صوبے کی مجموعی ترقی کے لیے زراعت، سیاحت، صحت، تعلیم، ماحولیات، جنگلات، سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق مختلف منصوبے بھی منظور کر لیے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا: طالبہ کو ہراساں کرنے پر یونیورسٹی کا سیکیورٹی انچارج معطل

یہ 46 ترقیاتی منصوبے خیبرپختونخوا میں بنیادی انفراسٹرکچر، عوامی سہولیات اور معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کریں گے، جبکہ 54 ارب روپے سے زائد لاگت کے ان منصوبوں سے عوام کو مختلف شعبوں میں جدید اور بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

Scroll to Top