ابوظہبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے گزشتہ 16 ماہ کے دوران 10 ہزار 100 سے زائد پاکستانیوں کو ملک بدر کیا ہے۔
اس حوالے سے میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستانی شہریوں کے خلاف دنیا کے مختلف ممالک میں کریک ڈاؤن جاری ہے، تاہم یو اے ای نے اس سلسلے میں سب سے زیادہ پاکستانیوں کو ملک بدر کیا ہے۔
وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق، یو اے ای سے ستمبر 2023 سے جنوری 2025 تک پاکستانیوں کی ملک بدری کے اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔
ان اعداد و شمار کے مطابق، اس دورانیے میں 4 ہزار 740 سزا یافتہ پاکستانی قیدیوں کو ملک بدر کیا گیا، جو یو اے ای کی مختلف جیلوں میں سزا کاٹ رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں دبئی پولیس کا رمضان میں گداگری کے خلاف آگاہی مہم کا آغاز
اسی دوران، پانچ ہزار 800 دیگر پاکستانی شہریوں کو مختلف جرائم کی بنیاد پر ملک بدر کیا گیا۔ یہ پاکستانی شہری یو اے ای میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے تھے۔
یہ اقدامات یو اے ای کی حکومت کی جانب سے اپنے ملک میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے کیے گئے ہیں۔