چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے بنوں کینٹ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے حملے کو پاکستان دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اسلام اور پاکستان دشمن قوتوں کی سازش قرار دیا۔ انہوں نے افواجِ پاکستان کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے حملے کی ناکامی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بزدل دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیرِاعظم نے واضح کیا کہ فتنۂ خوارج پاکستان اور اس کے معصوم شہریوں کا دشمن ہے، جس کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور مکمل سرکوبی تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔