بیجنگ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چینی درآمدات پر اضافی ٹیرف لگانے کے اعلان کے بعد چین نے بھی جوابی طور پر امریکی درآمدات پر اضافی ٹیرف عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، چین نے امریکی زرعی مصنوعات پر نئی اضافی ڈیوٹیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چینی وزارت خزانہ کے مطابق، امریکہ سے درآمد ہونے والی مرغی، گندم، مکئی اور کپاس پر 15 فیصد اضافی ٹیکس لگایا جائے گا۔
اس کے علاوہ، جوار، سویا بین، گائے کا گوشت، آبی مصنوعات، پھل، سبزیاں اور ڈیری مصنوعات پر 10 فیصد اضافی ٹیرف عائد کیا جائے گا۔ چینی حکام نے کہا کہ یہ اضافی ٹیرف 10 مارچ سے نافذ العمل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں کینیڈا کی ٹرمپ کو وارننگ: ٹیرف لگانے پر سخت ردعمل کا عندیہ
چین کی وزارت خزانہ نے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے یکطرفہ قرار دیا ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات عالمی تجارتی اصولوں کے خلاف ہیں اور امریکہ کی جانب سے چین پر پہلے سے عائد 10 فیصد ٹیرف کو 20 فیصد تک بڑھانے کے ردعمل میں کیے گئے ہیں۔
چین اور امریکہ کے درمیان تجارتی جنگ ایک نیا موڑ اختیار کر رہی ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات اور عالمی تجارت پر گہرا اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔