حکومت خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات اُٹھائے،اے این پی

حکومت خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات اُٹھائے،اے این پی

عوامی نیشنل پارٹی پختونخوا کے عوام کی زندگیوں سے مرکزی و صوبائی حکومتوں کی بے حسی اور لاپرواہی پر شدید تشویش کا اظہار کرتی ہے۔

پختونخوا کے لوگ، خاص طور پر جنوبی اضلاع کے باسی، ہر روز دہشتگردی، تشدد اور عدم تحفظ کے بادل تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ان کی زندگیوں سے کسی کو کوئی سروکار نہیں، جبکہ باقی لوگ اپنی روزمرہ زندگیوں میں مصروف ہیں، ہم ہر وقت اپنی جانوں کے تحفظ کے لیے پریشان ہیں۔

دہشتگردی کو ہمیشہ سے ایک قومی مسئلہ قرار دیا جاتا ہے، لیکن اگر یہ واقعی سب کا مسئلہ ہے تو پھر اس کے خلاف کارروائی میں وہ سنجیدگی کیوں نظر نہیں آتی؟ پختونخوا کے عوام نے دہشتگردی کی وجہ سے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، لیکن ان کی قربانیوں کو ہمیشہ نظرانداز کیا جاتا ہے۔

ہم مزید اپنے بے گناہ بہن بھائیوں کی اموات پر تماشا نہیں دیکھ سکتے۔ ہم حکومت سے سوال کرتے ہیں کہ کیا پختونخوا کے لوگوں کی زندگیوں کی کوئی اہمیت نہیں؟ کیا ان کے خون کا کوئی حساب نہیں؟ کیا ان کے بچوں کے مستقبل کے لیے کوئی پالیسی نہیں؟

ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر خیبر پختونخوا، خاص طور پر جنوبی اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ دہشتگردی کے خلاف صرف بیانات دینے سے کام نہیں چلے گا، عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

ہم تمام سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی، اور عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پختونخوا کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور دہشتگردی کے خلاف ایک متحد محاذ بنائیں۔ ہم مزید قربانیاں دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ہم اپنے بچوں کو امن اور تحفظ کے ساتھ جینے کا حق دینا چاہتے ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی پختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھے گی۔ ہم حکومت کو یاد دلاتے ہیں کہ پختونخوا کے لوگوں کی زندگیوں کی حفاظت ان کی اولین ذمہ داری ہے، اور اس ذمہ داری سے منہ موڑنا قوم کے ساتھ دھوکہ ہے۔

Scroll to Top