ایبٹ آباد میں گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن، ضلعی انتظامیہ متحرک

ایبٹ آباد: رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے، گراں فروشی کی روک تھام اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد متحرک ہو گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کی ہدایات پر مختلف تحصیلوں میں پرائس کنٹرول مہم کے تحت کارروائیاں جاری ہیں تاکہ سرکاری نرخوں پر اشیاء کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔

اس مقصد کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو نہ صرف سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد یقینی بنا رہی ہیں بلکہ عوامی شکایات کا فوری حل بھی ممکن بنا رہی ہیں۔ ایڈیشنل کمشنر ایبٹ آباد لبنی اقبال کی زیر نگرانی حویلیاں میں، جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ارشد محمود نے لوئر تناول میں اشیائے خوردونوش کی دکانوں کا معائنہ کیا اور خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے۔

اسی طرح ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ثناء فاطمہ نے ملک پورہ جیل روڈ، اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد زرک یار خان تورو نے سپلائی ایریا، اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر انڈسٹریز محمد ابراہیم نے جھگیاں ایریا میں مارکیٹ چیکنگ کی۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر طارق خان کی نگرانی میں پرائس مانیٹرنگ ڈیسک کا بھی دورہ کیا گیا اور گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔

عوامی ریلیف کے لیے ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی مخیر حضرات اور ٹریڈرز کے تعاون سے تحصیل حویلیاں میں “رمضان دسترخوان” کا بھی انعقاد کیا گیا، جہاں شہریوں کے لیے افطاری کا اہتمام کیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر سختی سے نظر رکھی جائے گی اور کسی بھی خلاف ورزی پر فوری کارروائی ہوگی۔ عوام کو معیاری اور سرکاری نرخوں پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے یہ مہم رمضان المبارک کے دوران مسلسل جاری رہے گی۔

Scroll to Top