لیکروس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے والی کھلاڑیوں سے ڈپٹی کمشنر کی ملاقات

ایبٹ آباد: ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناءاللہ خان نے جاپان لیکروس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے والی مقدس طارق اور مومنہ طارق سے ملاقات کی اور ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

مقدس طارق اور مومنہ طارق، جن کا تعلق ایبٹ آباد اور ہری پور سے ہے، نہ صرف اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہی ہیں بلکہ کھیلوں کے میدان میں بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے ان کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے ملک کے لیے فخر کی بات ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے جاری اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو ہدایات جاری کیں کہ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے ضروری سہولیات فراہم کی جائیں اور مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایبٹ آباد میں کھیلوں کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہترین مواقع میسر آئیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایبٹ اباد، مالک اراضی نے گورنمنٹ پرائمری سکول باغ کو تالا لگا دیا

Scroll to Top