اسلام آباد ۔ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نےمانسہرہ میں کاروائی کرتے ہوئےطلبا کو منشیات فروخت کرنے والا ملزم کرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے مانسہرہ میں ایک کالج کے قریب ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے چار سو پچاس گرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرتا تھا۔
اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سات کارروائیوں میں آٹھ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں ایک نائجیرین باشندہ اور ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ کارروائیوں کے دوران تین کروڑ اکیاسی لاکھ روپے سے زائد مالیت کی چار سو چھ اعشاریہ اٹھانوے کلو گرام منشیات برآمد کی گئی۔
اسلام آباد کے قریب ایم ون موٹر وے پر ایک خاتون کو گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے چار اعشاریہ آٹھ کلو افیون اور سات اعشاریہ دو کلو چرس برآمد ہوئی۔ اسی موٹر وے پر ایک اور کارروائی میں ایک گاڑی سے آٹھ اعشاریہ چار کلو چرس برآمد کی گئی اور دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ایک اور کارروائی میں ایم ون موٹر وے پر مسافر بس میں سوار ایک ملزم سے دو اعشاریہ چار کلو چرس برآمد کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس پشاور یونیورسٹی میں منشیات فروشی میں ملوث ہے، اسلامی جمعیت طلبہ کا الزام
لاہور ایئرپورٹ پر بحرین سے آنے والے ایک نائجیرین باشندے کے پیٹ سے پینتیس کوکین بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔ بلوچستان کے ضلع پشین کے ایک غیر آباد علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے اے این ایف نے تین سو ساٹھ کلو چرس برآمد کر لی۔ پشاور کے مصری بانڈہ روڈ کے قریب ایک گاڑی کے خفیہ خانوں سے اکیس اعشاریہ چھ کلو چرس برآمد کی گئی اور دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ نوجوان نسل کو اس زہر سے بچایا جا سکے۔