گورنمنٹ گرلز سکول مناتو سنٹرل کرم ایک بار پھر بند ہوگیا ہے جس کے باعث سینکڑوں بچیوں کا تعلیمی مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔
یہ سکول جو پاک فوج کی جانب سے قوم ذی مشت کو بطور تحفہ تعمیر کیا گیا تھا، پچھلے کچھ عرصے تک پی ٹی سی فنڈز کے ذریعے چل رہا تھا، لیکن فنڈز کی کمی کے باعث دوبارہ بند کر دیا گیا ہے۔
پچھلے سال مقامی انتظامیہ نے پی ٹی سی فنڈز سے سکول کی دوبارہ کھولنے کی کوشش کی تھی جس میں چار استادیاں کام کر رہی تھیں اور تین سو سے زائد بچیوں کو تعلیم فراہم کی جا رہی تھی۔
نو لاکھ روپے کی مختص پی ٹی سی فنڈز ختم ہونے کے بعد سکول کی سرگرمیاں روک دی گئیں، جس سے بچیوں اور والدین میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
مقامی عمائدین نے بتایا کہ پاک فوج کی نگرانی میں تعمیر ہونے والی اس خوبصورت ڈبل سٹوری بلڈنگ میں تعلیمی سرگرمیاں جاری تھیں اور بچیوں نے گزشتہ سال جماعت نہم کے امتحان میں بہترین کارکردگی دکھائی تھی۔
یہ بھی پڑھیں پاراچنار: تعلیمی اداروں کو یکم مارچ سے بند رکھنے کا فیصلہ
فنڈز کی کمی کے باعث تعلیمی ادارہ بند ہو چکا ہے اور اب بچیاں دوبارہ گھروں میں بیٹھ گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سکول کو پاک فوج کی نگرانی میں ایک آرمی سکول طرز پر چلایا جائے تاکہ بچیوں کا مستقبل محفوظ ہو سکے۔
مقامی لوگوں نے ایجوکیشن ڈائریکٹر ثمینہ الطاف، ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود، پاک فوج کے 73 بریگیڈ کے بریگیڈئیر، اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سکول کو فوری طور پر کھولا جائے اور اس کے لیے مستقل بنیادوں پر انتظامات کیے جائیں۔