ایبٹ آباد: ایبٹ آباد کے سیاحتی علاقے ایوبیہ میں جنگلی چیتے کے آبادی کی طرف رخ کرنے کی خبریں سامنے آئی ہیں، جس کے باعث مقامی افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک شہری نے ایوبیہ مری روڈ پر چیتے کو دیکھا اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔
مقامی ذرائع کے مطابق ایبٹ آباد کے جنگلات میں خوراک کی کمی کی وجہ سے چیتے اور دیگر جنگلی جانور آبادی کی طرف آ رہے ہیں۔
جنگل میں جنگلی خوراک کی کمی اور انسانی آبادی کے قریب آنے سے یہ جانوروں کے لیے خطرہ بن سکتا ہے، اور کسی بھی وقت بڑا حادثہ ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں ایبٹ آباد: گلیات میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد
شہریوں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر محکمہ وائلڈ لائف کو سنجیدہ اقدامات اٹھانے چاہیے، تاکہ ان جنگلی درندوں کو محفوظ طریقے سے واپس جنگل میں بھیجا جا سکے اور انسانی جانوں کو کسی قسم کا خطرہ نہ ہو۔
ویڈیو میں واضح طور پر چیتا سڑک پر نظر آ رہا تھا اور شہری نے اسے دیکھتے ہوئے اس کی ویڈیو بنائی۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جس سے علاقے کے لوگوں میں مزید پریشانی پیدا ہوگئی ہے۔