پشاور۔ خیبرپختونخوا میں بدامنی کی بگڑتی صورتحال پر پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی احمد کنڈی نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی ہے۔
تحریک میں خاص طور پر جنوبی اضلاع میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر توجہ دلائی گئی ہے۔
تحریک التوا میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صوبے بھر، خصوصاً جنوبی اضلاع میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات میں عام شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ اس میں گزشتہ روز بنوں میں پیش آنے والے دلخراش واقعے کا ذکر بھی کیا گیا، جس میں کئی معصوم بچوں سمیت شہری اور سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔ تاہم، حکومتی قیادت کا کردار محض مذمتی بیانات تک محدود ہے۔
احمد کنڈی کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت کی ناقص حکمت عملی اور عدم توجہی کے باعث صوبہ دہشت گردی کی لپیٹ میں آ چکا ہے۔ اس غیر یقینی صورتحال نے عوام کے جان و مال، کاروبار، تعلیمی اداروں اور عام زندگی کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا بنوں کا دورہ، دہشت گردی کے خلاف عزم کا اعادہ
رکن اسمبلی احمد کنڈی نے مطالبہ کیا ہے کہ صوبائی اسمبلی کا فوری اجلاس بلا کر اس معاملے پر تفصیلی بحث کی جائے تاکہ بدامنی کے خاتمے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جا سکے۔