پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں پلوں کی تعمیر، مرمت اور ڈیزائن کے لیے ملکی تاریخ میں پہلی بار “بریج ڈیزائن کوڈ” متعارف کروا دیا ہے، جس کا مقصد پلوں کے ٹوٹنے اور حادثات کی روک تھام ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا، علی امین گنڈاپور کی جانب سے اس کوڈ کی منظوری دی گئی ہے اور یہ کوڈ صوبے کی مخصوص موسمیاتی اور ارضیاتی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اس اقدام کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا ملک کا پہلا صوبہ ہے جس نے بریج ڈیزائن کوڈ متعارف کرایا ہے،
جس کے تحت پلوں کی تعمیر، مرمت اور ڈیزائن کے لیے کم سے کم معیارات مقرر کیے گئے ہیں۔ اس کا مقصد پلوں کی مضبوطی اور حفاظت کو یقینی بنانا ہے تاکہ سیلاب اور قدرتی آفات کے دوران پلوں کے گرنے سے بچا جا سکے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان میں بریج ڈیزائن کوڈ کی کمی کے باعث پلوں کے ٹوٹنے کے حادثات ہوئے ہیں، جن میں انسانی جانوں کا نقصان بھی شامل ہے۔ 2022 کے سیلاب میں خیبرپختونخوا میں 107 پل ٹوٹ گئے تھے جبکہ 2010 کے سیلاب میں بھی 150 پلوں کو نقصان پہنچا تھا۔
یہ بھی پڑھیں قبائلی طالبات کے لیے فرنٹیئر کور خیبرپختونخواہ نارتھ کا تعلیمی اور ثقافتی دورہ
وزیر اعلیٰ نے اس نئے کوڈ کو قانونی حیثیت دینے کے لیے باقاعدہ قانون سازی کی بات کی اور کہا کہ اس کوڈ کے تحت آئندہ صوبے میں تمام پلوں کی تعمیر کے لیے ان معیارات پر عمل درآمد ضروری ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ہائی ویز کوڈ بھی متعارف کرایا جائے گا تاکہ سڑکوں اور پلوں کی تعمیر میں بہترین معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔