خیبر پختونخوا حکومت کا کوہ سلیمان رینج کو وائلڈ لائف کنزرونسی قرار دینے کے لیے وفاق سے رابطہ

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے کوہ سلیمان رینج کو وائلڈ لائف کنزرونسی قرار دینے کے لیے وفاقی حکومت سے رابطہ کر لیا ہے۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر محکمہ جنگلات نے وزارت انوائرنمنٹل کوآرڈینیشن کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا۔

مراسلے میں اس پہاڑی سلسلے کی حیاتیاتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کوہ سلیمان میں نایاب جنگلی حیات اور نباتات موجود ہیں، جو عالمی سطح پر حیاتیاتی تنوع کے لیے ایک منفرد حیثیت رکھتے ہیں۔

اس علاقے کے ایکو سسٹم کے تحفظ کو یقینی بنا کر نہ صرف نایاب انواع کی بقا ممکن بنائی جا سکتی ہے بلکہ یہ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے مراسلے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ کوہ سلیمان کا پہاڑی سلسلہ پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں پھیلا ہوا ہے، اس لیے تینوں صوبوں کے درمیان ہم آہنگی اور مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ مراسلے میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ کوہ سلیمان کو تینوں صوبوں کی ٹرانز باؤنڈری وائلڈ لائف کنزرونسی قرار دینے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا حکومت کا ’’تعلیم کارڈ‘‘ پائلٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

محکمہ جنگلات خیبر پختونخوا کے مطابق، صوبائی حکومت اپنی حدود میں واقع کوہ سلیمان کے رقبے پر جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے پہلے ہی کئی اقدامات کر رہی ہے، تاہم یہ کوششیں اسی وقت کامیاب ہو سکتی ہیں جب پنجاب اور بلوچستان کی حکومتیں بھی اس حوالے سے اقدامات کو یقینی بنائیں۔
ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے کہ اگر کوہ سلیمان کے حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے تو یہ علاقہ عالمی سطح پر اپنی اہمیت منوا سکتا ہے اور مقامی آبادی کی فلاح و بہبود کے لیے بھی سودمند ثابت ہوگا۔

Scroll to Top