کمانڈر 116 بریگیڈ بنوں کا شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت

بنوں: بریگیڈ کمانڈر 116 بریگیڈ، بریگیڈیئر نوید احمد نے اعلیٰ عسکری حکام کے ہمراہ کوٹ عادل اور کوٹ دائم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے گزشتہ دن ہونے والے ناخوشگوار واقعے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بنوں عبدالمجید خان، اسسٹنٹ کمشنر اللہ نواز خان، امیر ائمہ مساجد حضرت مولانا حافظ عبدالغفار قریشی سمیت بڑی تعداد میں علاقائی عمائدین بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران بریگیڈیئر نوید احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور یہ فتنہ کسی بھی قسم کی رعایت کا مستحق نہیں۔ یہ عناصر نہ صرف فوج اور عوام بلکہ پاکستان اور اسلام کے بھی دشمن ہیں۔

بریگیڈ کمانڈر نے متاثرہ علاقوں میں متاثرہ گھروں اور مسجد کا بھی معائنہ کیا اور ان کی تعمیر و بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔

یہ بھی پڑھیں: بنوں پولیس موبائل کے قریب دھماکہ ، اے ایس آئی شدید زخمی

انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیہ تقاریب کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں عسکری و سول حکام کے ساتھ مقامی عمائدین نے بھی شرکت کی۔

Scroll to Top