صدر اے این پی ایمل ولی خان نے کے پی حکومت کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیئے

عوامی نیشنل پارٹی  کے صدر ایمل ولی خان نے موجودہ  کے پی حکومت پر تنقید کی ہے اور کہا کہ وہ عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہیں۔

 ایمل ولی خان نے اس بات پر زور دیا کہ طورخم بارڈر پر تجارتی سرگرمیاں معطل ہو چکی ہیں جس کے باعث ہزاروں ٹرک، کنٹینرز اور تجارتی گاڑیاں پاکستانی حدود میں کھڑی ہیں، جس سے عوام کی مشکلات بڑھ گئیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طورخم بارڈر کی بندش سے نہ صرف تجارتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ عوام کو بھی روزانہ کی بنیاد پر مشکلات کا سامنا ہے۔

اس کے علاوہ ایمل ولی خان نے افغانستان کے ساتھ مسائل کے حل کے لیے سفارتی راستہ اپنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس معاملے میں حکومت کی جانب سے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں پرویز خٹک کے اے این پی سے رابطوں کی خبریں بے بنیاد ہیں، ولی باغ کی وضاحت

ایمل ولی خان نے پاراچنار اور کرم کے عوام کی حالت پر بھی افسوس کا اظہار کیا، جہاں گزشتہ پانچ ماہ سے لوگ کرب ناک صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹل، پاراچنار اور مرکزی شاہراہ کو فوری طور پر محفوظ بنا کر کھولا جائے تاکہ عوام کو سہولت مل سکے۔

ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ حکومت کو عوامی مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ اقدامات کرنے چاہیے اور عوامی مشکلات کے پیش نظر حکومت کی خاموشی عوامی غم و غصے کو بڑھا رہی ہے۔

Scroll to Top