خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور پی آئی سی کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط

پشاور: خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) جنرل ہسپتال اور پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) نے صحت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے اپنے ڈیٹا سسٹمز کو ہیلتھ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم  کے ذریعے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس اقدام کا مقصد مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا اور دونوں اداروں کے درمیان خدمات کے تبادلے کو مؤثر بنانا ہے۔

وائس چانسلر کے ایم یو، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا کہ اس اشتراک سے تحقیق اور علاج کو یکجا کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کے ایم یو جنرل ہسپتال میں ذیابیطس، آنکولوجی، گیسٹرو انٹالوجی اور بحالی کے شعبوں میں خصوصی خدمات فراہم کی جائیں گی جبکہ مستقبل میں اسے اعلیٰ معیار کا طبی مرکز بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

ڈین پی آئی سی، پروفیسر ڈاکٹر شہکار احمد نے اس اشتراک کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ادارے مل کر 500 بستروں پر مشتمل جدید تدریسی اسپتال قائم کر سکتے ہیں۔ اس اشتراک کو مؤثر بنانے کے لیے تین مشترکہ ورکنگ گروپس تشکیل دیے جائیں گے جو سول ورک، مالیات اور کلینیکل و ڈائیگناسٹک سروسز کے حوالے سے قابل عمل سفارشات تیار کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر میڈیکل کالج میں پولیس تشدد سے تین طلبا زخمی، اسلامی جعمیت طلبا کا دعویٰ

دونوں ادارے ایک مشترکہ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کریں گے جس کی منظوری کے ایم یو سینڈیکیٹ اور پی آئی سی بورڈ آف گورنرز سے لی جائے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اشتراک صحت کے شعبے میں انقلابی پیش رفت ثابت ہوگا، جس کے ذریعے مریضوں کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے اور صحت عامہ کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

Scroll to Top