مردان پولیس کا تاریخی اقدام، شہداء کے بچوں کے لیے مفت تعلیم اور طبی سہولیات

مردان. ڈسٹرکٹ پولیس مردان نے ایک تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے 14 معروف تعلیمی اداروں اور 2 بڑے اسپتالوں کے ساتھ خصوصی معاہدے کر لیے ہیں.

جن کے تحت پولیس شہداء کے بچوں کو مفت تعلیم اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ زیرِ سروس پولیس اہلکاروں کو بھی خصوصی رعایت دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق لیڈز اسکول، اقراء اسکول اینڈ کالج، غزالی اسکول، دارارقم، سمارٹ اسکول، پاک لینڈ اسکول اور دیگر اداروں کے ساتھ معاہدے طے پائے، جس کے تحت شہداء کے بچوں کو 100 فیصد فیس معافی جبکہ زیرِ سروس پولیس اہلکاروں کے بچوں کو 30 فیصد رعایت دی جائے گی۔ مزید 17 تعلیمی ادارے بھی اس فلاحی اقدام میں شامل ہوں گے۔

اسی طرح، اکبر میڈیکل کمپلیکس اور خیبر اسپتال مردان کے ساتھ معاہدے کے تحت پولیس شہداء کے اہل خانہ کو مفت علاج کی سہولت جبکہ پولیس اہلکاروں کو خصوصی رعایت دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: مردان پولیس نے ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی، 172 اشتہاری گرفتار

ڈی پی او ظہور بابر آفریدی نے کہا کہ مردان پولیس اپنے شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہے گی اور مستقبل میں مزید ایسے فلاحی معاہدے کیے جائیں گے تاکہ شہداء کے بچوں اور خاندانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔

Scroll to Top