ایبٹ آباد: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ ایبٹ آباد کے شہریوں کو درپیش سفری مشکلات کے حل کے لیے ہزارہ موٹروے پر انٹرچینج قائم کیا جائے۔
پاکستان پیپلز پارٹی ایبٹ آباد کے ضلعی صدر اور سابق قومی اسمبلی امیدوار سید سلیم شاہ نے گورنر ہاؤس پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا سے ملاقات کی اور شہر میں داخلے کے دوران مقامی رہائشیوں کو درپیش مشکلات پر تفصیلی گفتگو کی۔
پی پی رہنما نے شملہ لوئر تنوال انٹرچینج کی تعمیر کی درخواست کی، جس کے بعد گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کو باضابطہ طور پر خط ارسال کیا۔ خط میں انہوں نے وزیراعظم پر زور دیا کہ ایبٹ آباد کو ہزارہ موٹروے سے براہ راست منسلک کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
گورنر نے خط میں اس بات پر روشنی ڈالی کہ شہر کے قریب کوئی مناسب انٹرچینج نہ ہونے کی وجہ سے مقامی شہریوں کو طویل اور پیچیدہ راستے اختیار کرنے پڑتے ہیں، جس سے نہ صرف وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ، ٹریفک کے دباؤ کی وجہ سے ایبٹ آباد شہر میں اکثر ٹریفک جام کے مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے پر فوری توجہ دیں اور ایبٹ آباد کے شہریوں کے لیے آسان سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے موٹروے انٹرچینج کی تعمیر کو یقینی بنائیں۔





