صدر، وزیراعظم سمیت اہم شخصیات کا جعفر ایکسپریس کامیاب آپریشن پر پاک فوج کو خراج تحسین

صدر مملکت اور وزیراعظم سمیت دیگر اہم شخصیات نے جعفر ایکسپریس آپریشن میں مغویوں کو بحفاظت بازیاب کروانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور مسافروں سمیت ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے سیکیورٹی فورسز کو جعفر ایکسپریس آپریشن کی کامیابی اور مغویوں کی بحفاظت بازیابی پر خراج تحسین پیش کیا،انہوں نے 21 شہریوں اور 4 ایف سی جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اس گھنائونے فعل سے شدید صدمے میں ہے اور معصوم جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے، ایسی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کے امن کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھرپور طریقے سے آپریشن شروع کیا اور یرغمالیوں کو بازیاب کرایا۔ وہاں پر موجودتمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیاہے۔ سیکیورٹی فورسز کے نشانہ بازوں نے خودکش بمباروں کو ہلاک کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آپریشن کامیاب ہوچکا ہے اور آپریشن کے دوران کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا۔ آپریشن سے پہلے دہشت گردوں نے 21 معصوم شہریوں کو شہید کیا۔ آپریشن کے دوران 4 ایف سی کے اہلکار شہید ہوئے ہیں۔

صدر مملکت کا بیان:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے جعفر ایکسپریس آپریشن مکمل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نےآپریشن کے دوران 21 شہریوں اور 4 ایف سی جوانوں کی شہادت پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اپنے بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے موثر کاروائی میں 33 دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر فورسز کی بہادری کی تعریف کی۔ صدر مملکت نے شہریوں اور مسافروں کو بازیاب کرانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔صدر مملکت نے جامِ شہادت نوش کرنے پر 4 ایف سی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا صدر مملکت نے آپریشن جعفر ایکسپریس کے شہداء کیلئے بلندی درجات، ورثاء کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ صدر مملکت نے بلوچستان میں قیامِ امن اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم کا بیان:
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر گھنائونے دہشت گرد حملے سے شدید صدمے میں ہے اور معصوم جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے، ایسی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کے امن کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔ سوشل میڈیا ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ان کی وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے بات ہوئی جنہوں نے انہیں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے گھنائونے دہشت گرد حملے کی تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اس گھنائونے فعل سے شدید صدمے میں ہے اور معصوم جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے،ایسی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کے امن کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔وزیراعظم نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ درجنوں دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ کا بیان:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےدہشتگردوں کی جانب سے جعفرایکسپریس میں یرغمال بنائے گئے تمام مسافروں کو بازیاب کرانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اوردہشتگردوں کی فائرنگ سے 21 مسافروں اور 4 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔ اپنے بیان میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے تمام 33 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے خواتین اور بچوں کی جانیں بچانے کیلئے انتہائی احتیاط سے آپریشن کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء کے خاندانوں سےدلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔دہشتگردی کا یہ واقعہ انتہائی دلخراش ہے۔ ہر شہری افسردہ اور رنجیدہ ہے۔ معصوم بچوں اور خواتین کو انسانی ڈھال بنانا انتہائی غیر انسانی عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہادر سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا اور تمام درندوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ محسن نقوی نے کہا کہ د ہشتگرد اس دھرتی کا بوجھ ہیں اور قوم کی حمایت سے اس ناسور کے ہمیشہ کے لئے خاتمے کا وقت آگیا ہے۔ دہشتگردوں کے ساتھ سہولت کاروں سے بھی آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

Scroll to Top