بنگلا دیشی کرکٹر محمود اللہ ریاض نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

بنگلا دیش کے مایہ ناز آل راؤنڈر محمود اللہ ریاض نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

 یہ اعلان انہوں نے بدھ کے روز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کیا، جس کے بعد کرکٹ کے شائقین اور کھلاڑیوں میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی۔

محمود اللہ جو حال ہی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2023 میں بنگلا دیشی اسکواڈ کا حصہ تھے، چیمپئنز ٹرافی کے گروپ اسٹیج سے باہر ہونے کے بعد کرکٹ کی دنیا سے الوداعی پیغام دینے کا فیصلہ کیا۔

اپنے ریٹائرمنٹ پیغام میں انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، مداحوں اور اہلخانہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے کرکٹ کیریئر کے دوران ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

محمود اللہ نے لکھا، میں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور بنگلا دیش کرکٹ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں میچ فکسنگ کے الزام میں بنگلادیشی خاتون کرکٹر پر 5 سال کی پابندی عائد

یاد رہے کہ محمود اللہ نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز 2007 میں کیا تھا اور وہ 50 ٹیسٹ، 239 ون ڈے اور 141 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بنگلا دیش کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ان کے کیریئر میں 11,000 سے زائد رنز شامل ہیں، جن میں 9 سنچریاں اور 56 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، محمود اللہ نے 166 وکٹیں بھی حاصل کیں اور اپنی آل راؤنڈ صلاحیتوں سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی۔

ان کے ریٹائرمنٹ کے اعلان نے بنگلا دیش کرکٹ کے مداحوں کو افسردہ کر دیا ہے، تاہم ان کی کامیاب کرکٹنگ جدو جہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

Scroll to Top