سوات۔ تحصیل کبل کے علاقے گانشال میں اسسٹنٹ کمشنر کبل اور کنزیومر پروٹیکشن کونسل کی کارروائی کے دوران مضر صحت مصالحہ جات اور جعلی کاسمیٹکس تیار کرنے والی فیکٹری سیل کر دی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر افتاب احمد خان نے گانشال میں کارروائی کرتے ہوئے فیکٹری پر چھاپہ مارا، جہاں ناقص اور غیر معیاری مصالحہ جات کی پیکنگ جاری تھی، جبکہ جعلی کاسمیٹکس بنانے میں ملوث ہونے پر فیکٹری کو بند کر دیا گیا۔ اس موقع پر کنزیومر پروٹیکشن کونسل کے اہلکار بھی موجود تھے۔
افتاب احمد خان کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اداروں سے تعاون کریں اور ایسے مکروہ کاروبار میں ملوث افراد کی نشاندہی کریں تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری اشیاء فراہم کی جا سکیں۔