خیبر پختونخوا قیدیوں کو سہولیات کی فراہمی میں دیگر صوبوں سے آگےہے ، آئی جی جیل خانہ جات

مردان میں انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات خیبر پختونخوا عثمان محسود نے کہا ہے کہ صوبے کی جیلوں میں اصلاحات اور قیدیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لحاظ سے خیبر پختونخوا کو دیگر صوبوں پر واضح برتری حاصل ہے۔

سنٹرل جیل مردان میں مختلف منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ صوبے کے کئی جیلوں میں ووڈ ورک، شالز، ماربل اور ڈیٹرجنٹ فیکٹریاں کام کر رہی ہیں، جہاں کام کرنے والے قیدیوں کو منافع میں 30 فیصد حصہ دیا جاتا ہے۔

آئی جی جیل خانہ جات نے سنٹرل جیل مردان میں پوسٹ آفس، ای وزٹ بوتھس، منشیات بحالی مرکز، ڈے کیئر سینٹر اور سزا یافتہ قیدیوں کے فیملی کوارٹرز کو فعال بنانے کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ جیل پہنچنے پر سپرنٹنڈنٹ نجم الحسن عباسی اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا، جبکہ جیل پولیس کے ایک چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

پوسٹ ماسٹر جنرل خیبر پختونخوا احسان اللہ مروت نے جیل میں ڈاک خانے کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ اس سہولت کے تحت قیدیوں، جیل عملے اور عام شہریوں کے لیے رجسٹری، منی آرڈر، پارسل اور دیگر ڈاک خدمات دستیاب ہوں گی۔ سنٹرل جیل مردان اور محکمہ ڈاک کے درمیان اس حوالے سے ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔

آئی جی جیل خانہ جات نے کہا کہ خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جہاں سزا یافتہ قیدیوں کو اپنی فیملی کے ساتھ تین دن گزارنے کے لیے خصوصی فیملی کوارٹرز فراہم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، جیلوں میں ای وزٹ بوتھ کی تعداد بڑھا دی گئی ہے، جہاں قیدی ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے اہل خانہ سے ملاقات کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مردان پولیس کا تاریخی اقدام، شہداء کے بچوں کے لیے مفت تعلیم اور طبی سہولیات

انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے کی جیلوں میں موسم کے مطابق سہولیات دی جا رہی ہیں، جیسے گرم علاقوں میں ایئر کولرز اور سرد علاقوں میں گرم بستر اور کمبل فراہم کیے جا رہے ہیں۔

عثمان محسود نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی جیلوں کو اصلاحی مراکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جہاں قیدیوں کو نہ صرف منشیات سے نجات دلانے کے لیے سائیکو سوشل کاؤنسلنگ اور تفریحی سرگرمیوں کی سہولت دی جا رہی ہے بلکہ انہیں ہنر سکھا کر مفید شہری بنانے پر بھی کام ہو رہا ہے۔

Scroll to Top