پشاور کے پوش علاقے حیات آباد سے شہری کے لاکھوں روپے مالیت کے نایاب کتے کی چوری میں خیبر پولیس کا اہلکار ملوث پایا گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق چوروں نے کتا چوری کرکے اسے آن لائن فروخت کرنے کے لیے اشتہار دیا، جسے دیکھ کر مالک نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ ایک منصوبہ بندی کے تحت چوروں سے تین لاکھ روپے میں کتے کی خریداری کی ڈیل کی گئی۔
پولیس نے چوروں کو پشاور موٹر وے انٹرچینج پر بلایا اور موقع پر ہی گرفتار کرلیا، جبکہ چوری شدہ کتا برآمد کرکے مالک کے حوالے کردیا گیا۔ ترجمان کے مطابق واقعے میں ملوث خیبر پولیس کے اہلکار کو معطل کرکے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
گرفتار پولیس اہلکار نے موقف اختیار کیا کہ اس نے کتا ایک نشے کے عادی شخص سے خریدا تھا اور اسے معلوم نہیں تھا کہ یہ چوری شدہ ہے۔ تاہم، تھانہ حیات آباد میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔





