ایبٹ آباد میں ٹریفک پولیس اہلکار کا ڈرائیور پر تشدد، ویڈیو وائرل

حمداللہ خان

ایبٹ آباد میں ٹریفک پولیس اہلکار کی جانب سے ایک ڈرائیور پر سرعام تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

واقعہ ایبٹ آباد میڈیکل کمپلیکس کے قریب منڈیاں چوک میں پیش آیا، جہاں دو وین ڈرائیوروں کے درمیان تنازعے پر ٹریفک پولیس آفیسر قدیر نے مداخلت کی۔

ذرائع کے مطابق، مداخلت کے دوران ایک ڈرائیور نے ٹریفک آفیسر سے بدتمیزی کی، جس کے جواب میں آفیسر قدیر نے ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہریوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور متعلقہ اہلکار کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ایبٹ آباد عمر طفیل نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ٹریفک سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ایس پی ٹریفک نے ٹریفک آفیسر قدیر کو معطل کرکے واقعہ کی انکوائری کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں: ایبٹ آباد: خاتون پر تیزاب پھینکنے والا ملزم گرفتار

Scroll to Top