سوات میں خواتین گداگروں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن، متعدد گرفتار

سوات پولیس نے معاشرے میں بڑھتی ہوئی گداگری اور عوامی شکایات کے پیش نظر خواتین گداگروں اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

ایس ایچ او وومن پولیس اسٹیشن کی قیادت میں پولیس ٹیم نے مینگورہ شہر کے مختلف علاقوں میں موبائل گشت اور دیگر آپریشنز کے دوران متعدد خواتین اور بچوں سمیت گداگروں کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان سوات پولیس معین فیاض کے مطابق گرفتار ہونے والی خواتین گداگر نہ صرف پیشہ ور بھکاری ہیں بلکہ گداگری کے نام پر شہریوں کو لوٹنے میں بھی ملوث تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان میں مقامی اور غیر مقامی خواتین شامل ہیں، جن کے خلاف وومن پولیس اسٹیشن میں گداگری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ سوات پولیس نے واضح کیا ہے کہ معاشرتی نظم و ضبط بحال رکھنے اور گداگری کے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے یہ آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔

Scroll to Top