گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ آمد

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور خیبر پختونخواہ میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں جے یو آئی کے اہم رہنما خرم حمید روکھڑی، احمد کنڈی، مولانا لطف الرحمان اور مولانا اسجد محمود بھی شریک تھے۔ اس دوران گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مولانا فضل الرحمان کو صوبے کی موجودہ سیاسی اور سیکورٹی صورتحال پر آگاہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی، امن و امان کی صورتحال اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔

اس ملاقات کے دوران جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک کی سیاسی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کا مشترکہ لائحہ عمل اپنانا ضروری ہے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بہتری کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا اچانک دورہ صوابی

ملاقات کے اختتام پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے مولانا فضل الرحمان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس قسم کی ملاقاتیں سیاسی ہم آہنگی اور امن کے قیام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے صوبے اور ملک کی بہتری کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران جے یو آئی کی قیادت اور گورنر خیبر پختونخوا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک میں سیاسی استحکام اور امن کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

Scroll to Top