وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے خیبرپختونخوا کے مشیر صحت احتشام علی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور صحت کے شعبے میں باہمی تعاون بڑھانے اور مشترکہ اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے صحت کے شعبے میں مزید ہم آہنگی کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان صحت کے شعبے میں ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو جدید اور مؤثر طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں گے۔
مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ قومی سطح پر صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر رابطوں کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی وزراء کے ساتھ بھی ان کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے تاکہ صحت کے شعبے میں اصلاحات کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔
صوبائی مشیر صحت احتشام علی نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مربوط کوآرڈی نیشن سے صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں مشیر صحت خیبر پختونخوا نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں جدید کیتھ لیب یونٹ کا افتتاح کر دیا
انہوں نے وفاقی وزیر صحت کی جانب سے کیے گئے اقدامات اور بات چیت کو مثبت اور نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے خیبرپختونخوا میں صحت کی سہولتوں میں بہتری آئے گی۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ جلد ہی منصوبوں اور پالیسیوں پر عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ عوام کو صحت کے شعبے میں بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔