پاکستان کرکٹ بورڈ نے مختلف قومی کرکٹرز پر ہوم اور اوے سیریز کے دوران کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کر دیے۔
ذرائع کے مطابق انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے لے کر جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز تک کھلاڑیوں پر مجموعی طور پر 30 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کیے گئے ہیں۔
سب سے زیادہ جرمانہ عامر جمال کو ہوا، جنہیں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران ایک انٹرویو کے دوران ایسا ہیٹ پہننے پر تقریباً 13 لاکھ روپے کا جرمانہ ہوا، جس پر مارکر سے “804” لکھا ہوا تھا۔
آسٹریلیا میں ہونے والی سیریز کے دوران تین کھلاڑیوں کو ہوٹل تاخیر سے واپس آنے پر پانچ، پانچ لاکھ روپے کا جرمانہ کیا گیا، جبکہ جنوبی افریقہ میں چار کرکٹرز سلمان علی آغا، عبداللہ شفیق، صائم ایوب اور عباس آفریدی کو کرفیو کی خلاف ورزی پر جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈسپلن سے متعلق معاملات کرکٹ بورڈ کا اندرونی معاملہ ہوتے ہیں، اور دنیا بھر کی طرح پی سی بی بھی ایسے معاملات کو عوامی نہیں کرتا، کیونکہ اس سے کھلاڑیوں کی ساکھ متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔





