وزیرِاعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس کا مالی فائدہ بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کی صورت میں عوام کو منتقل کیا جائے گا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ یہ فیصلہ حکومت کے ان کئی اقدامات میں سے ایک ہے جو بجلی کے نرخوں میں بامعنی کمی کا سبب بنیں گے۔ بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیے ایک جامع اور مؤثر حکمت عملی کے تحت پیکج تیار کیا جا رہا ہے، جس کی تفصیلات کو جلد حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ردوبدل سے پیدا ہونے والی مالی گنجائش اور دیگر اقدامات کے ذریعے عوام کو بڑا ریلیف دینے کے لیے ایک خصوصی پیکج تیار کر لیا گیا ہے۔ وزیرِاعظم نے اعلان کیا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے حوالے سے اس پیکج کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کیا جائے گا، جس کے بعد عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ حکومت سنبھالتے ہی عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دینے کا عہد کیا تھا اور اسی وعدے کو پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس فیصلے سے نہ صرف بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی بلکہ اس کا اثر مجموعی مہنگائی پر بھی پڑے گا اور اس میں بھی نمایاں کمی واقع ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی قومی درآمدات میں بڑا اضافہ
وزیرِاعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کی صورت میں عوام کو مزید سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور اس حوالے سے وہ خود بہت جلد قوم کو تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔





