مفتی منیر شاکر قتل: بیٹے کا تدفین سے انکار، سیکورٹی انتظامات پر سوالات اُٹھا دیئے

پشاور میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل ہونے والے معروف عالم دین مفتی منیر شاکر کے بیٹے عبداللہ شاکر نے اپنے والد کی تدفین سے انکار کر دیا ہے۔

انہوں نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال اٹھایا کہ میرے والد کی سیکورٹی کا بندوبست کیوں نہیں کیا گیا؟

عبداللہ شاکر کا کہنا تھا کہ ان کے والد نے ایس ایچ او سے لے کر سی سی پی او اور ڈپٹی کمشنر تک سب سے بار بار سیکورٹی کی درخواست کی تھی، لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ اگر ان کے والد کو خطرات لاحق تھے تو انہیں اور ان کے اہل خانہ کو اسلحہ لائسنس کیوں جاری نہیں کیے گئے تاکہ وہ اپنی حفاظت کر سکتے؟

مقتول عالم دین کے بیٹے نے الزام لگایا کہ ادارے اور پولیس ان کے والد کے قتل کے ذمہ دار ہیں، کیونکہ انہیں تحفظ فراہم نہیں کیا گیا۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور پولیس حکام سے جواب طلب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک انہیں مطمئن نہیں کیا جاتا، وہ اپنے والد کی تدفین کی اجازت نہیں دیں گے۔

یہ واقعہ پشاور میں مذہبی حلقوں کے لیے گہرے صدمے کا باعث بنا ہے، اور عوامی سطح پر بھی اس قتل پر شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: لشکر اسلام کے سربراہ مفتی منیر شاکر قاتلانہ حملے میں جاں بحق

Scroll to Top