وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا، خیبر پختونخوا کے طلبہ و طالبات نے مختلف درجات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کیں۔
وفاق المدارس کے صوبائی میڈیا انچارج کے مطابق رواں سال 6 لاکھ 6 ہزار طلبہ و طالبات نے امتحان میں حصہ لیا جس میں 5 لاکھ 7 ہزار 250 طلبہ کامیاب قرار پائے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف مدارس کے طلبہ نے اہم پوزیشنز اپنے نام کیں، پوزیشن لینے والے مدارس میں جامعۃ الزیتون ایبٹ آباد، الجامعۃ الاسلامیہ بابوزئی مردان، جامعہ زکریا دار الایمان کربوغہ شریف ہنگو اور جامعہ اشرف البنات باڑہ گیٹ شامل ہیں۔
درجہ عالمیہ اول (ایم اے پارٹ ون) میں جامعہ عثمانیہ پشاور کے طالبعلم عدنان آفریدی نے 594 نمبر حاصل کرکے ملک بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
درجہ ثانویہ خاصہ دوم (ایف اے) میں جامعۃ الزیتون ایبٹ آباد کے طالبعلم نور نواب نے 597 نمبر حاصل کرکے دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔
درجہ ثانویہ عامہ (میٹرک) میں جامعہ اسلامیہ بابوزئی مردان کے الیاس خان اور دارالعلوم نعمان بن ثابت مینگورہ سوات کے عبدالرحمن نے ملک بھر میں دوم پوزیشن حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: ایک اورنیشنل ایکشن پلان بنانےکی ضرورت ہے،سپیکر ایاز صادق
تجوید للعلماء میں جامعۃ الزیتون ایبٹ آباد کے عبدالمجید نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ دراسات دینیہ میں تمام پوزیشنیں جامعہ زکریا دار الایمان کربوغہ شریف ہنگو کے طلبہ کے حصے میں آئیں
درجہ عالمیہ دوم میں جامعہ عائشہ صدیقہ للبنات زریاب کالونی پشاور کی طالبہ سدرہ سید نے 589 نمبر لے کر ملک بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔
درجہ عالمیہ اول میں جامعہ اشرف البنات کی ثناء جان نے پہلی جبکہ جامعہ فاطمہ الزہراء للبنات لوڑلختے پشاور کی سارہ اشفاق نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
عالیہ سال اول میں جامعہ فاطمہ الزہراء للبنات کی شمائلہ نے ملک بھر میں پہلی پوزیشن جبکہ جامعہ سیدہ میمونہ للبنات کلابٹ صوابی کی منیبہ گل نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
تجوید للعلمات میں جامعہ الباقیات الصالحات لکی مروت، جامعہ مدنیہ مدنی گارڈن سردار احمد جان کالونی پشاور، جامعہ سیدہ میمونہ کلابٹ صوابی، مدرسہ عاصمہ للبنات احسان آباد کبل سوات اور جامعہ ام رومان للبنات گجرات مردان کی طالبات نے بھی نمایاں پوزیشنیں حاصل کیں۔