خیبر: جمرود بائی پاس پر فرنٹیئر کور کے چیک پوسٹ پر شدت پسندوں کا حملہ، 2 اہلکار زخمی

 جمرود بائی پاس پر فرنٹیئر کور باڑہ رائفلز کے چیک پوسٹ پر شدت پسندوں نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ حملہ آوروں نے اچانک چیک پوسٹ پر فائرنگ کی، جس کے بعد فورسز نے جوابی کارروائی کی۔

ذرائع کے مطابق، فائرنگ کے دوران سپاہی کلیم اور سپاہی لیاقت زخمی ہو گئے۔ دونوں اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

حملہ آور زخمی حالت میں موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے اور شدت پسندوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں جمرود میں فاٹا لویہ جرگہ کا اجلاس، تجارتی راستے کھولنے کا مطالبہ

فورسز کا کہنا ہے کہ حملے کی تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کی کوششیں کی جائیں گی۔ حکام نے اس حملے کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دیتے ہوئے علاقے میں سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید مضبوط کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

اس حملے کے بعد خیبر کے دیگر حساس علاقوں میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور فورسز کی مزید نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔

Scroll to Top