پشاور: سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پارلیمنٹیرینز کے چیئرمین محمود خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو مشورہ ہے کہ سیاسی بیان بازی کے بجائے صوبے کے اصل مسائل پر توجہ دیں۔
محمود خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کر رہا ہے، اور صوبہ جل رہا ہے۔
امن و امان کی صورتحال بدتر ہو چکی ہے اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو فوری طور پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور کو گورننس پر توجہ دینی چاہیے، کیونکہ عوام نے انہیں نہیں بلکہ عمران خان کو ووٹ دیا تھا۔ وہ عمران خان کے پیچھے کھڑے ہیں اور عوام کی توقعات کو پورا کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں منشیات کے عادی افراد کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں بڑھتی ہوئی بے چینی اور امن و امان کی خراب صورتحال کا فوری حل نکالنا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ کو سیاسی بیان بازی کے بجائے عملی اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ خیبر پختونخوا کے عوام کو فوری ریلیف مل سکے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان اور عوام ان کی قیادت کے منتظر ہیں اور اس وقت سیاسی بیان بازی کی بجائے صوبے کی ترقی اور امن و امان پر توجہ مرکوز کی جانی چاہیے۔