اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے اسپیکر قومی اسمبلی کو ایک خط لکھ کر قومی سلامتی کونسل کے اجلاس سے قبل بانی پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
عمر ایوب نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ 18 مارچ کو ہونے والی ان کیمرہ سیکیورٹی بریفنگ سے پہلے چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات انتہائی ضروری ہے تاکہ قومی سلامتی سے متعلق معاملات پر ان سے مشاورت کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور قومی امور پر اس کی قیادت کی رائے کو شامل کرنا ناگزیر ہے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ قومی اہمیت کے معاملات پر مؤقف کو زیادہ مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ضروری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 18 مارچ کی سیکیورٹی بریفنگ سے قبل صبح کے وقت ملاقات کا انتظام کیا جائے اور اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں۔
یہ مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں سیکیورٹی اور سیاسی معاملات پر گرما گرم بحث جاری ہے اور تحریک انصاف اپنی قیادت کے ساتھ براہ راست مشاورت کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔