پشاور: پشاور میں ضلعی انتظامیہ اور پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) نے کارخانو مارکیٹ میں مشترکہ طور پر آپریشن کرتے ہوئے درجنوں غیر قانونی تجاوزات اور تعمیرات کو مسمار کر دیا۔
یہ کارروائی صوبائی حکومت کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی، جس کا مقصد مارکیٹ اور اس کے گرد و نواح کی صفائی اور غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ تھا۔
ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم نے آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 12 مارکیٹوں کے قریب اور ریلوے لائنوں کے ساتھ غیر قانونی تعمیرات کو ختم کرنے کے لیے بھاری مشینری کا استعمال کیا گیا۔ اس دوران 36 افراد کو گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ تجاوزات کی وجہ سے سڑکیں اور فٹ پاتھ بند ہو چکے تھے، جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی تھی بلکہ پیدل چلنے والوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
سرمد سلیم نے مزید کہا کہ اس طرح کی تجاوزات کی روک تھام کے لیے حکومت نے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، اور انہوں نے خبردار کیا کہ پشاور بھر میں اس طرح کی کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں ایبٹ آباد میں گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن، ضلعی انتظامیہ متحرک
آپریشن کے دوران پولیس کی بھاری نفری نے کارروائی کو بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے کامیابی سے مکمل کیا۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اب ہر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
اس آپریشن سے شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور یہ امید ظاہر کی ہے کہ شہر میں غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے سے ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی سہولت میں مزید بہتری آئے گی۔